بھٹکل:4/جولائی (ایس اؤنیوز)عیدالفطر سے صرف ایک دن پہلے جس طرح بھٹکل کے نوجوان اپنی نجی ضروریا ت کو قربان کرکے غریب غرباء میں جس محنت اور لگن کے ساتھ فطرہ تقسیم کرتے ہیں وہ عنداللہ مقبول ترین کام ہے ، اپنی ضروریات کو تج کر تے ہوئے دوسروں کے لئے کام کرنا بہت مشکل ہوتاہے لیکن ایسے میں اخلاص کے ساتھ جوکام انجام دیاجاتاہے وہ قابل مبارکباد ہے ۔ ان خیالات کااظہار جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کیا۔
وہ یہاں علی پبلک اسکول کے ہال میں مرکزی فطرہ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ عید ملن تقریب میں بات کررہے تھے۔ اس موقع پر فیصل ایوارڈ یافتہ اور ندوۃ العلماء لکھنو کے استاذمحترم مولانا فیصل آرمار ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام بنیاد ی طورپر اجتماعیت کو اہمیت اور ترجیح دیتاہے، اجتماعی کاموں کی اہمیت کا اندازا سی سے کیا جاسکتاہے کہ اس میں خیر وبرکت ہوتی ہے۔ بھٹکل میں فطرہ کا جوعظیم کام انجام دیاجا رہا ہے اور اس کی تقسیم کاری میں جو نوجوان مصروف رہتےہیں وہ قابل رشک ہے۔ مولانا نے بتایا کہ جب ہم بچے تھے تو ہمارے گھروں پر آنے والوں کو فطرہ تقسیم کیاجاتاتھا یہ نہیں دیکھا جاتا تھا کہ وہ مستحق ہے یا نہیں ، مگر اب الحمدوللہ مستحق لوگوں کو ہی فطرہ پہنچانے کا مبارک کام پوری منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دیا جاتا ہے جو بے حد خوش آئند بات ہے۔
فطرہ کمیٹی کے کنونیر مولوی محمد الیاس جاکٹی ندوی نے فطرہ کے چاول کی تقسیم کاری رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الحمدللہ، سال بہ سال فطرہ میں اضافہ ہورہاہے تو اسی طرح مستحق خاندانوں کی تعداد میں بھی بڑھوتری ہورہی ہے۔ کمیٹی کی طرف سے فطرہ تقسیم کے لئے کل 40سے زائد سنٹر بنائے گئے جس کے ذریعے بھٹکل ، شرور، کرمنجیشور، گنگولی ، ہوناور اور کمٹہ کے بہت سارے علاقوں کے 1500سے زائد مستحق خاندانوں میں 115ٹن سے زائد فطرہ چاول تقسیم کئے گئے ہیں ۔ پروگرام میں گلف کے مختلف ذمہ داران سمیت انجمن حامئی مسلمین اور مجلس اصلاح وتنظیم کے ذمہ داران نے بھی اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ مولانا عبدالعلیم قاسمی نے صدارتی خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز مولانا فرقان مالکی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ ایس ایم سید احمد پرویز نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ مولانا عبدالعلیم قاسمی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ آخر میں تواضع کا اہتمام کیا گیا تھا۔